کراچی: نمازِ جمعہ کے دوران کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن، مفتی منیب الرحمان نے حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کل 12 سے 3 بجے کے درمیان مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ صوبے میں جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے، مساجد میں 3 سے 5 لوگ باجماعت نماز ادا کرسکیں گے۔ اب مفتی منیب الرحمان نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی ہے۔ مفتی منیب الرحمٰن نے علمائے کرام کے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء اور عوام تعاون کریں تاکہ کل کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کی جاری صورتحال سے آگاہ ہیں، لہٰذا انہوں نے حکومت کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مفتی منیب الرحمن نے ملاقات کے بعد اپنے پیغام میں لوگوں پر تعاون کرنے کے لیے زور دیا ہے۔ مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ آئمہ کرام اور عوام سے کہتا ہوں کہ وہ حسب معمول تعاون کریں، تاکہ کل کا دن خوشگوار گزرے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کوروناوائرس پر قابو پانے کے لئے غیر مشروط تعاون پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ جمعہ کے دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کرنے کے لئے ہماری مدد کریں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی کہ وہ جمعہ کے دن دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔