Monday January 20, 2025

سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کیخلاف ایکشن لینے کا اعلان، وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مارکیٹیں اور بازار کھولنے کی اجازت تو وفاق نے بھی نہیں دی، تاجروں کو دکانیں کھولنے نہیں دیں گے، خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ہم نے ایس او پیز تیار کی ہیں،جلد نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس میں رعایتیں دی جائیں گی۔ کورونا وائرس کی صورتحال میں احتیاط سب پر لازم ہے،سب کو مل کر کورونا سے خود کو اور لوگوں کو بچانا ہے، تاجروں کو دکانیں کھولنے نہیں دیں گے، خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔

دوسری جانب کراچی کے تاجروں نے بدھ کو دکانیں کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا، کمشنر کراچی کے دفتر میں تاجر رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی ساؤتھ اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔ کمشنر کراچی کی درخواست پر تاجر رہنماؤں نے بدھ کو دکانیں کھولنے کا فیصلہ دو روز کے لیے موخر کر دیا ہے۔ ملاقات میں کمشنر کراچی نے تاجر برداری کے رہنماؤں سے درخواست کی کہ دکانیں کھولنے کا فیصلہ دو روز کے لیے موخر کر دیا جائے، وہ تاجر برادری کے تحفظات سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو آگاہ کریں گے۔ کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ دو روز میں دکانیں کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز بنا لی جائیں گی۔

اس موقع پر صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے کہا کہ کمشنر کراچی کے کہنے پر مزید دو روز انتظار کریں گے۔ دو روز کے بعد کراچی کے تاجر لائحہ عمل طے کریں گے، فی الحال بدھ کو دکانیں کھولنے کا فیصلہ موخر کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ آج صبح سندھ بھر کے تاجروں نے لاک ڈاﺅن توڑتے ہوئے 15اپریل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت لاک ڈاﺅن میں توسیع کرنا چاہتی ہے تو مکمل کرفیو نافذ کرے اور ہمارا کوئی بندوبست بھی کرے۔

FOLLOW US