Monday November 25, 2024

مساجد کھولنے کیلئے انفرادی فیصلوں سے اجتناب کیا جائے، نورالحق قادری

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ مساجد کھولنے کیلئے انفرادی فیصلوں سے اجتناب کیا جائے، تراویح، اعتکاف اور نمازجمعہ سے متعلق متفقہ فیصلہ کیا جائے گا، 18 اپریل کو تمام علماء کرام سے مشاورت کی جائے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفرادی اور مقامی فیصلوں سے اجتناب کر کے اتحاد کی فضا کوفروغ دیا جائے۔ تراویح، اعتکاف اور نمازجمعہ سے متعلق پورے ملک کیلئے متفقہ فیصلہ ہوگا۔ فیصلہ 18 اپریل کو اجلاس میں علماء کرام کے ساتھ مشاورت اورمفاہمت سے کیا جائےگا۔ اجلاس گورنرز اور صدر آزاد کشمیر کی موجودگی میں ویڈیو لنک پر ہوگا۔ اجلاس کی صدارت صدرمملکت عارف علوی کریں گے۔

وزیرمذہبی امور، وزیر داخلہ، ظفرمرزا اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل صدر کی معاونت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے محفوظ اورعبادات سے بھرپور رمضان کیلئے اقدامات کرے گی۔ تمام مسالک کے جیّد علماء اور دینی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ واضح رہے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے کیلئے توسیع کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے مساجد کے حوالے سے لاک ڈاؤن پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، نماز تراویح اور اعتکاف جاری رہے گا۔ یہ بات مفتی منیب الرحمان اور مفتی تقی عثمانی نے کراچی پریس کلب میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کی۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ نسل انسانیت کیلئے ایک آزمائش ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مدد ہماری ذمہ داری ہے۔ مسلمانوں کیلئے رمضان شریف میں باجماعت نماز تراویح اور عبادات مسلمانوں کیلئے ضروری ہے۔اس لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ رمضان شریف میں مساجد کھلی رہیں گی۔

FOLLOW US