اسلام آباد : چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا ہے کہ ہمارے پاس 20 ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ہم 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کریں تو بھی ہمارے پاس ایک ماہ کے لئے ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں، ہر ہفتے ایک لاکھ 25 ہزار کٹس اسپتالوں کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 5اپریل تک سامان صوبوں کے ذریعے پہنچایا جارہا تھا لیکن مختلف جگہوں سے سامان کی تقسیم اور ترسیل کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی تھیں اس لیے شکایات ملنے کے بعد اب آرمی کور کے ذریعے سامان اسپتالوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔
چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے مزید کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 42 لیبارٹریز ہیں کچھ دن بعد ان کی تعداد 65 سے 70 تک ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک روزانہ 5 سے 6ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں لیکن جلد انکی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ فی الحال روزانہ دو شفٹس میں ٹیسٹ ہورہے ہیں لیکن اس حوالے سے بھی مزید کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک صرف ان لوگوں کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جن میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ آج پاکستان میں کورونا کے 336نئے میرض سامنے آگئے، مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ افراد کی تعداد 5374ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وبا سے مجموعی طور ہر 93افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 44 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
آج ایک ہی دن میں پاکستان میں کورونا کے 336نئے مریض سامنے آئے ہیں جس سے ملک میں مریضوں کی تعداد 5ہزار 374ہوگئی ہے۔ اب تک ملک میں 1ہزار 95مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں سامنے آئے ہیں جہاں انکی تعداد 2ہزار 596ہے جبکہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1ہزار 411 ہے۔ بلوچستان میں کورونا سے اب تک 230افراد متاثر ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں 224، خیبرپختونخوا میں 744، آزاد جموں وکشمیر میں 40 اور اسلام آباد میں 131 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔