Friday November 29, 2024

سول ایوی ایشن نے بیرون ممالک سے آنے والوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی

اسلام آباد : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ممالک سے آنے والوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔ جس کے تحت مسافروں کو7 روز کیلئے قرنطینہ کیا جائیگا اور سرکاری بسوں پر قرنطینہ پہنچایا جائے گا، مسافروں کو 24 گھنٹے پہلے سرکاری یا نجی قرنطینہ کے انتخاب سے متعلق بھی آگاہ کرنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔

نئی ایڈوائزری میں گائیڈ لائنز دی گئی ہیں کہ بیرون ممالک سے پاکستانی ایئرپورٹس پر پہنچنے والے مسافروں کو اس بات کی پابندی کرنی ہوگی کہ انہیں 24 گھنٹے پہلے ایئرلائنز کو آگاہ کرنا ہوگا کہ وہ سرکاری قرنطینہ میں رہنا چاہتے یا اپنی کسی جگہ یا نجی قرنطینہ میں مقررہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ ایئرپورٹس پہنچنے پر مسافروں کو7 روز کیلئے قرنطینہ کیا جائیگا اور سرکاری بسوں پر قرنطینہ پہنچایا جائے گا۔ مسافروں کے پاس سرکاری اور نجی دونوں قرنطینہ کی آپشن ہوگی۔ ایئرپورٹس پر مسافروں سے قریبی رشتہ دار یا کوئی بھی نہیں مل سکے گا۔ پہلے روز قرنطینہ میں بین الاقوامی پرواز سے آنے والے مسافروں اور کریو کا ٹیسٹ ہوگا۔ قرنطینہ میں 6 ویں روز مسافر اور کا دوبارہ سواب ٹیسٹ ہوگا۔ پھر ساتویں روز ٹیسٹ مثبت آنے پر مسافر اور کریو کو ہسپتال جبکہ منفی آنے پر گھر بھیج دیا جائے گا۔

تمام مسافروں اور کریو کا مکمل ذاتی ڈیٹا بھی ریکارڈ میں رکھا جائے گا ۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں وزراء اعلیٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مئوثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں تمام وزراء اعلیٰ نے لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن میں توسیع سے متعلق اپنی تجویز پیش کی ہے کہ وفاقی حکومتی تمام فیصلے سندھ کی تجاویزکو مدنظررکھ کر کرے۔ جس پر قومی رابطہ کمیٹی نے لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کے ساتھ مل کرمشترکہ فیصلے کرنے پر اتفاق کیا۔ اسی طرح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز کل کھولا جائے گا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان آئندہ 24 گھنٹے میں کردیا جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کل صبح قومی رابطہ کمیٹی کا کل پھر اجلاس ہوگا، جس میں15 مارچ کے بعد کیا کرنا ہے،اس حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے گی۔ کورونا وائرس سے متعلق تمام فیصلے صوبوں کے ساتھ مل کرکیے جائیں گے۔

FOLLOW US