Monday January 20, 2025

کینیڈا سے اسلام آباد آنے والی پرواز کے پائلٹ میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے

لاہور: قومی ایئرلائن پی آئی اے کے پائلٹ میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، کینیڈا سے آنے والی پرواز کے پائلٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، پالپا نے پائلٹ میں کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کی کینیڈا سے آنے والی پرواز کے پائلٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پائلٹ 2 اپریل کو کراچی سے ٹورنٹو خصوصی پرواز لے کر گیا تھا۔ خصوصی پرواز8 اپریل کو ٹورنٹو سے واپس اسلام آباد پہنچی تھی۔ پائلٹ کا ٹیسٹ کیا گیا تو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پائلٹ اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں رہائش پذیر تھا۔ لیکن ٹیسٹ مثبت آنے پر پائلٹ کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔ پالپا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پالپا نے پائلٹس اور عملے کیلئے حفاظتی اقدامات اپنانے پر زور دیا تھا لیکن پالپا کی تجویز کو مانا نہیں گیا۔

واضح رہے اس سے قبل پانچ اپریل کو پی آئی اے نے کراچی سے احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کرنےکا اعلان کیا تھا، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پی آئی اے کے فضائی عملے میں کورونا وائرس سے متعلق اطلاعات پر انہیں کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ کا فیصلہ کیا ہے۔ جس پر قومی ایئرلائن نے کراچی ایئرپورٹ سے اندرون بیرون ملک احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔ پی آئی اے کے فضائی عملے میں کورونا وائرس کی موجودگی سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ایسی اطلاعات گمراہ کن ہیں۔ فضائی عملہ حکومت پاکستان کے وضع کردہ ہدایات پر عمل پیرا ہے۔ حکومت کی وضع کردہ ہدایات میں ڈس انفیکشن سے لے کرصحت سلامتی کی تمام چیزیں شامل ہیں، لیکن سندھ حکومت زبردستی کپتانوں کو قرنطینیہ کررہی ہے۔ جو کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے منافی ہے۔
جس پر پی آئی اے نے کراچی سے کینیڈا اور برطانیہ کیلئے آپریشن معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے لاہور سے برطانیہ اور کینیڈا کیلئے جزوی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹے میں 254 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے ساتھ کل کیسز5038 ہوگئی ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ دنیا میں کورونا وائرس کے 17لاکھ سے کیسز تجاوز کرچکے ہیں، ایک لاکھ سے زیادہ اموات اور 4 لاکھ سے زیادہ لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان پرگزشتہ 24 گھنٹے بھاری گزرے۔ پاکستان میں پچھلے24 گھنٹے میں 14اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ہم لوگوں کو آگاہ کرتے رہے، 50 لوگ وینٹی لیٹر پر تھے، جن میں14 مریض انتقال کرگئے۔ آنے والے دنوں میں یہ شرح بڑھ سکتی ہے۔ مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بیمار1414 افراد داخل ہیں۔ گزشتہ24 گھنٹے میں 254 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے ساتھ کل کیسز5038 ہوگئے ہیں۔ ان میں50 فیصد کیسز مقامی رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کیلئے سرکاری ویب سائٹ موجود ہے۔ گلگت بلتستان انتظامیہ نے انسداد کورونا وائرس کیلئے بہتر اقدامات کئے۔ گلگت بلتستان انتظامیہ نے ایران سے آئے زائرین کا قرنطینہ میں ہی علاج کیا۔

FOLLOW US