Monday January 20, 2025

اگلے مہینے میں حالات بہت بہتر ہوجائیں گے، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اگلے مہینے میں حالات بہت بہتر ہوجائیں گے، جی ٹی روڈ بیلٹ پر کورونا کیسز زیادہ ہیں، لاک ڈاون میں نرمی نقصان دہ ہوگی، پنجاب میں کورونا کے 2410 مصدقہ کیسز ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوموار قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں پنجاب میں کورونا کی صورتحال سامنے رکھی جائے گی۔ اس وقت پنجاب میں کل کیسز 2 ہزار410 ہیں، ان میں1528 مریض قرنطینہ میں ہیں۔باقی 882 مریضوں میں سب سے زیادہ مریض لاہور میں ہیں۔ لاہور کے بعد پھر گجرات اور گوجرانوالہ ہے۔ اس کے بعد جہلم اور پھر راولپنڈی ہے۔

ہ ساری جی ٹی روڈ بیلٹ ہے، اس لیے لاک ڈاؤن میں نرمی لانا نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ اسی طرح کچھ ایریاز میں ایک دو کیسز ہیں۔ ہمارے ہاں ٹیسٹنگ بھی بڑے نمبرز میں ہورہی ہے، پنجاب میں 34 ہزار ٹیسٹ ہوچکے ہیں کل تک 36 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ تک چلے جائیں گے۔ اگر ٹیسٹ نمبرز کو جنوبی ایشیاء کے ممالک سے موازنہ کریں تو پاکستان میں ٹیسٹنگ کے نمبرز زیادہ ہیں۔اس وقت پنجاب میں مریضوں کی صورتحال بڑی حوصلہ افزا ہے، جیسا کہ اگر2 ہزار410 ہیں تو ان میں200 سے زیادہ صحت یاب ہوکر گھر چلے گئے ہیں۔ صرف 9 مریض تشویشناک ہیں، اموات 21 ہیں، جو کہ1.3 فیصد شرح بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کیسز زیادہ ہیں وہاں بہت زیادہ سختی کی جا رہی ہے۔ جبکہ باقی علاقوں میں بھی دن کے وقت کچھ نرمی ہے شام 5 بجے کے بعد دکانیں وغیرہ بند ہوجاتی ہیں۔ ہم نے تجربے کے طور پر سبزی منڈی اور دوسری جگہوں پر 150 ٹیسٹ کیے جن میں ایک کیس سامنے آیا۔ لیکن مجموعی طور پر صورتحال کنٹرول میں ہے۔ میرا خیال ہے کہ اگلے مہینے میں حالات بہت بہتر ہوجائیں گے، یہ نمبرز جو بڑھے بھی ہیں ان میں زیادہ لوگ صحت یاب ہو رہے ہیں۔

FOLLOW US