Monday January 20, 2025

وزیراعظم کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کیلئے سمری بھیجے جانے کی خبریں، صدر مملکت نے وضاحت کر دی

لاہور: وزیراعظم کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کیلئے سمری بھیجے جانے کی خبریں، صدر مملکت نے وضاحت کر دی، عارف علوی کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، عمران خان سے اس حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ روز سے میڈیا پر ایک خبر زیر گردش ہے جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے صدر مملکت عارف علوی کو سمری بھیج دی ہے۔

اس حوالے سے جمعرات کے روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے وضاحت کی، اور میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد قرار دے دیں۔ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آرڈینینس اور دیگر معاملات کیلئے وزیراعظم ہاوس سے سمریاں موصول ہوتی رہتی ہیں، تاہم اسمبلیاں تحلیل کرنے کی کوئی بھی سمری انہیں موصول نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور ان کے درمیان کوئی بات بھی نہیں ہوئی۔ فیصلہ سازی کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کے درمیان مشاورت جاری رہتی ہے۔ جو لوگ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں، وہ یاد رکھیں گے حکومت اپاہج نہیں ہے، ہم کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس سے حکومتی امور چلانے کی تنقید کی جاتی ہے، تاہم اگر پارلیمنٹ میں قانون سازی نہیں ہوگی تو پر مجبوری میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ہی حکومتی امور چلانا پڑتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں اس وقت ماحول ٹھیک نہیں ہے، اسی لیے قانون سازی بھی نہیں ہو پا رہی۔ پارلیمنٹ کا بنیادی مقصد قانون سازی کرنا ہے، امید ہے مستقبل میں سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کا ماحول بہتر بنانے پر توجہ دیں گی۔

FOLLOW US