نیو یارک: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ختم ہونے لگا، عالمی مارکیٹ میں خام تیل 30 فیصد مہنگا ہوگیا، امریکی مارکیٹ میں برنٹ کروڈ آئل کی قیمت 28 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی، سعودی عرب اور روس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کرنے کے امکان کے بعد قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اس حوالے سے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان اور ولادی میرپیوٹن نے تیل کی پیداوار کے حوالے سے بات چیت کی، امید ہے دونوں تیل کی پیداوار میں 10ملین بیرل کی کمی کریں گے۔ 10ملین بیرل یا زیادہ کمی ہوئی تو یہ تیل اور گیس صنعت کے لیے بڑا اچھا ہوگا۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلانات کے برعکس سعودی عرب میں خام تیل کی سپلائی ریکارڈ سطح پر آگئی،عالمی تیل مارکیٹ میں خام تیل کی وافر موجودگی کے باوجود آرامکو نے ایک روز میں 18.8 ملین بیرل تیل سپلائی کیا۔
سعودی عرب کی اوپیک کے ساتھ خام تیل کی پیداوار کو محدود رکھنے کے معاہدہ کی مدت منگل کو ختم ہو گئی تھی جس کے فوری بعد بدھ کو آرامکو نے خام تیل کی ریکارڈ 18.8ملین بیرل سے زیادہ سپلائی کا مظاہرہ کیا جو 15آئل ٹینکروں پر لادھا گیا۔سعودی عرب اور روس کے درمیان خام تیل کی فی بیرل قیمتوں کے حوالے سے جنگ شدت اختیار کر چکی ہے جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخ گزشتہ 18سال کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں۔ تاہم امریکی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔