اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمان نے الزام عائد کیا کہ نادرا سندھ حکومت کے ساتھ کسی قسم کا ڈیٹا شیئر نہیں کر رہا جس کے بعد نادرا نے پیپلز پارٹی کی رہنماء کے الزام کو سراسر بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے باعث صورتحال انتہائی سنگین ہے ایک طرف کرونا سے متاثرین کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب عوام کو لاک ڈاون کے باعث مشکلات کا سامنا ہے.ان تمام مسائل کو حل کرنے کا سوچنے کے بجائے سیاست چمکائی جارہی ہے.ایک دوسرے پر الزام لگائے جارہے ہیں.پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا تھا کہ نادرا امداد منتقلی کے لئے سندھ کے ساتھ اعداد و شمار شیئر نہیں کررہا ہے جبکہ وفاقی حکومت ریلیف منتقل کرنے میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے.ڈیٹا شئیرنگ کے حوالے سے چلنے والی خبر کی نادرا نے تردید کر دی.ترجمان نادرا نے کہا کہ ڈیٹا شئیرنگ کے حوالے سے وفاقی حکومت پر لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے.نادرا باقی صوبوں کی طرح حکومت سندھ کے ساتھ بھی تعاون کر رہا ہے.
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت تیار نہیں ہے تو سندھ کا کام سست کیوں کیا جارہاہے۔اگر سندھ کو کرونا عالمی وبا سے اکیلے لڑنا ہے تو وفاقی حکومت کہاں ہے . ایف بی آر بھی ٹیکس دہندگان کی تفصیلات دینے میں سستی کر رہا ہے۔سندھ حکومت ابھی تک پی ٹی ایم اے سے نمبرز کلیئرنس کی منتطر ہے. سندھ حکومت ریلیف دینے کے لئے بلکل تیار ہے.پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی عوام کو ریلیف دینے میں وفاقی حکومت کو رکاوٹ قرار دے رہے ہیں.ایک دوسرے کیخلاف سیاسی جنگ میں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہاہے عوام اب تک صرف ریلیف کے دعوے ہی سن رہے ہیں.پاکستان میں کرونا سے بتیس افراد جاں بحق اور بائیس سو نوے افراد متاثر ہوچکے ہیں۔