اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے معاملے پر اتحا دکے بعد اب یہ انکشاف کیا جا رہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لئے معاملات طے پا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں عدلیہ کے کردار کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے تحریک انصاف پیپلزپارٹی سے مل کر نگران وزیراعظم کے لئے بھی کسی ریٹائرڈ جسٹس کے نام پر غور کررہی ہے ۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہناہے کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر بات نوازشریف سے نہیں بلکہ وزیراعظم سے ہوگی ۔آئین کے تحت وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت کرتے ہیں۔معاملات طے نہ پانے پر پارلیمنٹ میں معاملہ جاتا ہے جس میں چھ حکومتی اور
چھ اپوزیشن رہنما اس معاملے پر اتفاق رائے کرتے ہیں۔ اور اگر ایسا بھی ممکن نہ سکے تو پھر چیف الیکشن کمشنر معاملے کو حل کرتا ہے۔ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ نوازشریف پیپلزپارٹی کے دھوکا دینے کا شکوہ کیوں کررہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے تو سینیٹ الیکشن پر انھیں کسی بھی قسم کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی۔ دھوکا انھوںنے اپنے پارٹی اراکین سے کھایا۔