کراچی (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلا وجہ سڑکوں پر گھومنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے سندھ پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سندھ پولیس کراچی سے آپریشن کا آغاز کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کی جانب سے کراچی میں سڑکوں پر ناکے لگائے جائیں گے اور عوام کو گھروں کے باہر تفریح سے روکا جائے گا۔ سڑکوں پر سفر کرنے والے افراد کو گھر سے باہر نکلنے کی وجہ بتانا ہوگی۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے عوام کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر لازم ہے کہ وہ نقل و حرکت کم سے کم رکھیں، گاڑیوں اور سڑکوں پر 4 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر کارروائی ہوگی۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان اور حکومتی ذمہ داران کی سینئر صحافیوں سے کرونا وائرس بریفنگ کے دوران اینکر پرسن مہر بخاری نے پاکستان کے قرضوں کی شرائط اور آئی ایم ایف کے حوالے سے سوال پوچھا۔ خاتون اینکر پرسن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم ایسی صورتحال میں نہیں آئے جو ہمارے ملک کی معیشت کیلئے بہت زیادہ بری ہو، ہم اپنے عالمی تعلقات سے جتنی ممکنہ امداد لے سکیں اور جتنی بہتر شرائط کراسکیں وہ کروا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں کہ کرونا وائرس پر جو بھی اخراجات ہوں گے وہ ہمارے خسارے میں شمار نہیں کیے جائیں گے، اس وائرس کی وجہ سے ریلیف کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف نے آمادگی ظاہر کی ہے، ہمیں مزید امدادی رقم کی ضرورت ہوئی تو ہم آئی ایم ایف کے پاس جاسکتے ہیں۔عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ کرونا وائرس کے معاملے پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک نے بھی اتفاق کیا ہے کہ وہ آسان شرائط پر پاکستان کی مالی مدد کریں گے تاکہ ہم اس صورتحال سے اچھی طرح نمٹ سکیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو کم سے کم تکلیف دیں۔