اسلام آباد (ویب ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ کرونا وائرس پاکستان سمیت دنیاکے 155ممالک تک پھیل چکا ہے، کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اْٹھا رہی ہے،کرونا وائرس کو ہم قومی یکجہتی اور ثابت قدمی سے شکست دے سکتے ہیں، اس خطرناک وائرس کے خاتمے کے لیے اللہ تعالی سے خصوصی طور پر دعائیں مانگی جائیں۔کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ ہمارا مذہب کسی بھی وبا سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی تعلیم دیتا ہے، کرونا وائرس کو ہم قومی یکجہتی اور ثابت قدمی سے شکست دے سکتے ہیں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ احتیاطی تدابیر کو اپنا کر نا صرف ہم خود کو بلکہ اپنے پیاروں کو بھی کرونا وائرس کا شکار ہونے سے بچا سکتے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ کرونا وائرس پاکستان سمیت دنیاکے 155ممالک تک پھیل چکا ہے، کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اْٹھا رہی ہے، اس خطرناک وائرس سے بچاؤ کیلئے پوری قوم کو ملکر کام کرنا ہو گا، عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پرعمل کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اس خطرناک وائرس کے خاتمے کے لیے اللہ تعالی سے خصوصی طور پر دعائیں مانگی جائیں۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نےضروری اشیاء کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ خندہ پیشانی اور ثابت قدمی سے کیا ہے،کورونا سے ڈرنا نہیں ، بحیثیت قوم اس مسئلے کا مقابلہ کرنا ہے،معاشی سرگرمیوں کی بلا تعطل روانی اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا ترجیح ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کورونا وائرس سے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات اور پیشگی حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا .اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اورچیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پربھی گفتگو کی گئی اور مشیر خزانہ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا . وزرائے اعلیٰ کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت.اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کورونا وائرس کے مسئلے کی سنجیدگی کا مکمل ادراک ہے، اس ضمن میں حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدام کیا جائے گا،عوام کو مسئلے کی سنجیدگی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے،
حفاظتی تدابیر اختیار کر کے وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے.وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بہت جلد قوم سے خطاب کروں گا، پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ خندہ پیشانی اور ثابت قدمی سے کیا ہے،کورونا سے ڈرنا نہیں ، بحیثیت قوم اس مسئلے کا مقابلہ کرنا ہے۔وزیر اعظم نے ضروری اشیاء کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتےہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائزمنافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،معاشی سرگرمیوں کی بلا تعطل روانی اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا ترجیح ہے،کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر عوام کیلئےجامع حکمت عملی تیار کی جائے.