Monday January 20, 2025

حکومت کا ایران سے آنے والے تمام افراد کے دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ

لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ا یران سے آنے والوں کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے، دوسرے ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا، ان قافلوں کے ساتھ ہماری ٹیم بھی چل رہی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب تک کوئی مریض سامنے نہیں آیا تھا تب تک صورتحال مختلف تھی، لیکن اس وقت ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 29 ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا یران سے آنے والوں کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ دوسرے ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ قافلے کے ساتھ ہماری ٹیم بھی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ائرس تیزی سے پھیلتا ہے ہمیں تما م ترحفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت حکومت نے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کردیں اور ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔

تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ لوگوں سے اپیل ہے کہ بچوں کو پارکس یا تفریحی مقامات پر نہ لے کرجائیں۔ اسی طرح پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام قیدیوں کی 2 ماہ کی سزا معاف کردی، دو ماہ کی معافی سے سینکڑوں قیدیوں کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر وہ کام کررہے ہیں جس سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔ دوسری جانب سندھ میں ایک اور کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہوگئی، آج سندھ میں دوسرے مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، سندھ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 17ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو کورونا میں تصدیق ہونے والے نئے کیس سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد31 ہوگئی ہے۔ جن میں 3 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جیل میں رہنے والے قیدیوں کیلئے ایڈوائزی جاری کر دی۔ محکمہ صحت سندھ نے قید خانوں میں خصوصی ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔ محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق چالیس سال سے اوپر اور کم قوت مدافعت والے قیدیوں کو جیل میں الگ رکھا جائے، جیل میں تمام افراد ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں گے، تمام قیدیوں کو صابن اور سینیٹائزر کی سہولیات فراہم کی جائیں، قیدیوں کو کھانسی کرنے اور چھینکنے پر منہ ڈھانپنے کی ہدایت کی جائے، قیدخانوں میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد کی جائے، قیدیوں سے تفتیش کرنے والے پولیس اہلکار احتیاطی تدابیر اپنائیں گے۔

FOLLOW US