اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو برے وقت سے سبق حاصل کرنے کی تاکید کردی ۔ان کا کہنا ہے کہ جو سبق ہار دے سکتی ہے وہ جیت نہیں دے سکتی کیونکہ ہار کر انسان اپنی غلطیوں کا اندازہ لگا سکتاہے ۔عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹیم میں کوئی نیا کھلاڑی آتا تھا تو اسے مشورہ دیتا تھا کہ ہارنے کے بعد اگلے دن کا اخبار نہ پڑھوکیونکہ ایک توپہلے ہی گراﺅنڈ میں پھینٹا کھا کر آتے ہو اور اگلے دن اخبار وں میں بھی بری خبریں پڑھتے ہو ،دوسری بات ہارنے کے بعد کبھی شادی پر نہ جایا کرو کیونکہ آپ کے رشتے داروںکو اس بات پر زیادہ خوشی ہوتی ہے کہ آپ کو پھینٹا پڑا ۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپین اپنی ہار سے سیکھتا ہے ،
برا وقت غلطیوں کی نشاندہی اور انہیں ٹھیک کرنے کا موقع دیتا ہے ،جب برا وقت آئے تو سمجھیں یہ کسی بہتری کے لیے آیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو کوشش کرنا سیکھ جاتا ہے ،وہ ایسے پوائنٹ پر پہنچ جاتا ہے جہاں ہار بھی اسے ہرا نہیں سکتی ۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گھروں کی تعمیر کے منصوبے سے 40انڈسٹریز چلیں گی ،2019حکومت کے لیے معاشی لحاظ سے مشکل تھا ،رواں سال تعمیرات کے شعبے میں نوکریاں پیدا ہونگی ۔20ہزار گھروں کی تعمیر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بڑا کام کرنے سے پہلے وقت درکار ہوتا ہے ،مجھے شوکت خانم بنانے کے لیے پہلا قدم لینے میں پانچ سال لگے ،اس عرصے کے دوران دنیا بھر میں ڈاکٹروں سے ملا ،میں نے ہاوسنگ منصوبے کی بات کی تو اسمبلی میں سننے کو ملا کہ کہاں ہے نیا پاکستان ،کہاں ہیں گھر ؟۔ان کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر وقت درکار تھا ،اب یہاں تک پہنچے ہیں ،اب یہ کام آسان ہو جائے گا ،حکومت کے پاس پچاس لاکھ گھر بنانے کے پیسے نہیں تھے ،یہ کام نجی شعبے نے کرنا تھا اور حکومت نے انہیں سہولت دینا تھی ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے شرح سود زیادہ ہے لیکن اب مہنگائی میں کمی آرہی ہے تو شرح سود بھی نیچے آجائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب پہلی بار تنخواہ دار طبقہ بھی اپنا گھر بنانے کا سوچ سکتا ہے ،پہلے بہت سے طبقات گھر بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے ۔عمران خان نے بتا یا کہ حکومت شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہی ہے تاکہ شہروں کا پھیلاﺅں روکا جا سکے ۔