Friday November 29, 2024

اب پاکستان میں بنیں گی سستی گاڑیاں۔حکومت نے ملک میں گاڑیوں کے 11پلانٹ لگانے کی اجازت دے دی ، پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا امکان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گاڑیوں کے گیارہ مزید پلانٹ لگانے کی اجازت دی ہے جس سے ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری آئے گی‘ گاڑیوں کی پیداوار کی شرح میں بتدریج بہتری آرہی ہے‘ نئے پلانٹس سے عوام کو بہتر اور معیاری گاڑیاں مل سکیں گی اور پہلے سے موجود چند کمپنیوں کی اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا۔بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ فیاض الدین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حکومت میں صرف ایک آٹو موبائل پلانٹ لگا ہے۔

ہم نے گیارہ پلانٹ لگانے کی اجازت دی ہے اور اس سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔دسمبر 2019ء میں 9 فیصد اس شعبہ میں نمو میں اضافہ ہوا ہے۔ ہنڈا کی پیداوار میں 120 فیصد اور انڈس موٹر کی پیداوار میں 72 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹو موبائل کا اچھا وقت آرہا ہے۔ ہنڈا سمیت صرف تین کمپنیوں کی اجارہ داری تھی۔ اب یہ ختم ہو رہی ہے۔ اب لوگوں کو معیاری گاڑیاں ملیں گی۔ نفیسہ عنایت اللہ ملک کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ یونائیٹڈ موٹر اور ایگل موٹر سمیت کیا‘ ہنڈائی وغیرہ اور دیگر کئی کمپنیوں کو پلانٹ لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔

FOLLOW US