Saturday November 30, 2024

شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو لمبی چھٹی کی درخواست دے دی

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے چھٹی کی درخواست دے دی، اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کی چھٹی کی درخواست منظور کرلی،حکومتی ارکان غیرحاضری پر اپوزیشن لیڈر کو ہٹانے کا مطالبہ کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہبازشریف سے لندن سے اسپیکر قومی اسمبلی کو چھٹی کی درخواست بھجوا دی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کی چھٹی کی درخواست منظور کرلی ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنی درخواست میں بتایا کہ وہ اپنے بڑے بھائی سابق وزیر اعظم نوازشریف کے علاج معالجے کے سلسلے میں لندن میں مقیم ہیں،جس کے باعث وہ ایوان میں انتظامی امور نبھانے کیلئے اجلاس کی کاروائی کا حصہ نہیں بن سکتے۔

واضح رہے حکومتی ارکان اسمبلی اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی غیر حاضری پر رکنیت معطل کرنے اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کا مطا لبہ کررہے تھے۔ اس پر ن لیگ کے ارکان اسمبلی نے وضاحت بھی پیش کی کہ صدر ن لیگ اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف رواں مارچ کے آخر میں واپس آجائیں گے۔ لیکن حکومتی ارکان کے اعتراض پر میاں شہبازشریف نے چھٹی کی درخواست دے دی ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے آج پھر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف اپوزیشن لیڈرنہیں کہ بار بار کھڑے ہو جاتے ہیں۔ مجھے پتا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر بننا چاہتے ہیں۔ واضح کیا جائے کہ اپوزیشن لیڈر کب تک آئیں گے؟ اگر شہباز شریف نے نہیں آنا تو یہ آپس میں طے کرکے کسی کو ذمہ داری دے دیں۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ عزیز میمن کے قتل کو سندھ حکومت نے طبعی موت قراردیا ہے لیکن اس معاملے پر پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے۔

FOLLOW US