اسلام آباد پشاور موٹروے کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا، خیبرپختوںخواہ اور وفاقی دارالحکومت میں جاری موسلادھار طوفانی بارش کے بعد قومی شاہراہ کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یا پشاور موٹروے کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، خیبرپختونخواہ کے بیشتر علاقوں بشمول پشاور میں اس وقت موسلادھار و طوفانی بارش ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل طوفانی بارش کے باعث موٹروے پر پھسلن بہت زیادہ ہوگئی، جس کے بعد قومی شاہراہ کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عمومی طور پر بارش کے باعث موٹروے کو بند نہیں کیا جاتا، تاہم اس وقت ملک کے شمالی ریجن میں طوفانی بارش و ژالہ باری ہو رہی ہے، اس لیے حادثات سے بچاو کیلئے پشاور سے اسلام آباد تک موٹروے کو احتیاط کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
عوام کو متبادل روٹ پر سفر کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ جبکہ یہ بھی تلقین کی گئی ہے موسم کی خراب صورتحال باعث سفر سے گریز کیا جائے۔ دوسری جانب موسم کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہیں، بارش اور ژالہ باری سے فصلیں بھی متاثر ہوئیں ہیں۔ لاہور اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چوتھے روز بھی بادل برس رہے ہیں۔ جبکہ آزاد کشمیر، گلگلت بلتستان کے علاقوں، مری، گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں دو فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسم کی اس صورتحال میں لوگوں کو اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔