لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کے حکم کے خلاف اپیل پرالیکشن کمیشن پاکستان اور ڈی سی گجرات کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون رشید نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں الیکشن کمیشن، ڈپٹی کمشنر گجرات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ قاف لیگ رہنما پر دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات کے دوران انتخابی
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے الزام لگایا تھا کہ پرویزالہی نے پینا فلیکس لگایا جو قانون کی خلاف ورزی ہےجبکہ الیکشن کمیشن نے ڈی سی گجرات کے جرمانے کے خلاف اپیل بھی بلاجواز مسترد کی ہے۔اسپیکر پرویز الٰہی کی جانب سے عدالت میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا جرمانے کے خلاف درخواست مسترد کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے کرکالعدم کیا جائے،جس پر عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پاکستان اور ڈی سی گجرات سے جواب طلب کر لیا ہے۔