اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والے افراد کیلئے زبردست اقدام اٹھا لیا ہے، حکومت 25 ہزار سے کم آمدن والے افراد کی راشن خریداری میں معاونت کرے گی،آئندہ بجٹ میں راشن خریداری کیلئے رقم مختص کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدار ت احساس پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں غریبوں اور کم آمدن والے طبقات کی محرومیوں کو دور کرنے کی حکمت عملی وضع کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرپچیس ہزار سے کم آمدن والے افراد کی راشن خریداری میں معاونت کی جائے گی۔ حکومت کم آمدن والے فراد کی آٹا ،
گھی، چینی اور دالوں کی خریداری میں مدد کرے گی۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور معاشی ٹیم کوآئندہ بجٹ میں راشن خریداری کیلئے رقم مختص کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی حکومتیں ایسے طبقات کا احساس نہیں کرتیں۔موجودہ حکومت ایسے سفید پوش طبقات کا سہارا بنے گی۔ اسی طرح معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہیں، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں رواں سال جنوری کی 14.6 فیصد کی شرح کے مقابلے میں کم ہو کر فروری میں 12.4 فیصد ہوگئیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہری علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں 13.4 فیصد (جنوری) سے کم ہوکر 11.2 فیصد (فروری) ہوگئیں، دیہی علاقوں میں 16.3فیصد سے کم ہو کر 14.2 فیصد پر آچکی ہیں، یہ کمی روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی دیکھنے میں آئیں جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی قیمتیں جنوری میں 19.5 فیصد تھیں جو فروری میں کم ہوکر 15.2 دو فیصد ہوگئیںجبکہ کھانے پینے سے ہٹ کر دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ڈبل سے سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہیں، مارچ میں قیمتوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔