اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 3 سال پرانی سطح پرآ گئی ہیں۔ گزشتہ روزوفاقی وزیراسدعمرنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین ماہ میں پہلی مرتبہ قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 5 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ادھر پلوسئی پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت بدحال پاکستان ملا تھا ،ہماری قیادت نے وقتی طور پر سخت فیصلے کرکے ملک ترقی کی طرف گامزن کردیاہے ۔ ملی معیشت جلد بہتر ہو جائے گی ۔ عوام نے گھبرانا نہیں،
سخت وقت گزرنے والا ہے تقریباً5 سے 6 ماہ میں مہنگائی پر قابوپالیں گے ۔ جون تک صوبے کے تمام شہریوں کو صحت انصاف کارڈ جاری کردیئے جائیں گے ،جس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ بنا ہوں وہ پورا کرکے دکھاؤں گا ۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سونا سستا ہو گیا ، سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کمی ۔تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے اثرات پاکستان میں بھی مرتب ہونے لگے۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کمی آگئی۔ خالص 24 قیرا ط فی تولہ سونے کی قیمت90 ہزار 200 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ جبکہ 22قیراط سونے کی قیمت 84 ہزار 516 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں سونا 18 ڈالر فی اونس سستا ہو گیا ، جس کے بعد فی انس سونے کی قیمت 1627 ڈالر پر آگئی۔ یاد رہے اس سے قبل خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کرونا وائرس کے سٹاک مارکیٹ کے بعد گولڈ مارکیٹ پر اثرات مرتب ہونے سے پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت جلد ایک لاکھ روپے ہوجائے گی،24 فروری کو فی تولہ سونے کی قیمت2 ہزار روپے اضافے سے 96 ہزار300 روپے ہو گئی تھی ۔ صدر سندھ صرافہ مارکیٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا 40 ڈالرکے بڑے اضافے سے 1684ڈالر فی اونس پرپہنچ گیا تھا پاکستان میں10 گرام سونے کی قیمت1715 روپے اضافے سے82 ہزار 562 روپے ہو گیا تھا ۔ اسی طرح فی تولہ سونا 96 ہزار300 روپے پر پہنچ گیا ۔ صدر سندھ صرافہ مارکیٹ حاجی ہارون چاند کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونا 1700 ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ صورتحال یہی رہی تو سونا 1لاکھ روپے فی تولہ تک پہنچ جائیگا۔