Wednesday January 22, 2025

لمبی فہرست تیار، فردوس عاشق، فیصل واوڈا، خسروبختیار، شیخ رشید سمیت کئی وزراء کی چھٹی کرنے کی تیاریاں

لاہور: سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ سنا ہے فردوس عاشق کا سامان بھی باندھا جا رہا ہے، اس کو میری خبر سمجھیں یا کوئی ناقص چہ مگوئی سمجھ لیں، چھٹی کس کس کی ہونی چاہیے یہ لمبی فہرست ہے، کیا فیصل واوڈا، خسروبختیار، شیخ رشید کو وزارت میں ہونا چاہیے؟ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف شیخ رشید کہتے ہیں کہ نوازشریف اور آصف زرداری وزیراعظم عمران خان کی جیبوں میں ہیں، دوسری طرف کہا جارہا ہے کہ کوئی ڈیل ہوگئی ہے، لیکن ۔

سچ ان کے درمیان میں ہے۔نہ تو کوئی ڈیل ہوئی ہے، اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے کہ یہ بہت بڑے باغی ہیں، نہ ہی ایسا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری وزیراعظم کی جیبوں میں ہیں۔ عمران خان کہتے میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ان سے ڈیل کرکون رہا ہے؟کہا جارہا ہے کہ عمران خان حکومت کریں، نوازشریف علاج کیلئے جہاں جانا چاہتے جائیں، محترمہ مریم نواز یہاں پر ہی رہیں گی اورمنہ پر زِپ لگا کررکھیں گی۔ جس کا ثبوت یہ بھی ہے کہ حکومت مسلسل ان پر تنقید کررہی ہے، لیکن وہ خاموش ہیں، میرا نہیں خیال وہ باہر جائیں گی، وہ یہاں پر بھی رہیں گی اور خاموش رہیں گی۔شہبازشریف لندن میں اس لیے ہیں کہ وہ کسی معجزے کا حصہ ہیں ، ان کی وہاں بیٹی، داماد اور بیٹے موجود ہیں لیکن شہبازشریف کا ہونا اتنا بھی ضروری نہیں ہے۔ شہبازشریف وہاں ہومیوپیتھک قسم کی اپوزیشن کررہے ہیں، اس کا مطلب مک مکا نہیں ہوا، لیکن بقایا باہمی کا کوئی معاملہ ہے۔

ایسی بھی کوئی بات نہیں کہ نوازشریف نے پیسے دیے یا دیں گے، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بھی ان کے پاس ہی رہیں گے، شہزاد اکبر نے جو کرنا تھا کرلیا۔ اسی طرح آصف زرداری باہر آئے ہیں لیکن خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کو تنخواہ لے رہے ہیں، یہ کس منہ سے بات کرتے ہیں کیونکہ عمران خان نے بھی دھرنا دیا اور استعفے دیے لیکن پیسے لیتے رہے۔ عمران خان اور شہبازشریف دونوں ہی ایوان میں نہیں آتے، لہذا اس حمام میں سارے ننگے ہیں۔ عارف نظامی نے کہا کہ فروغ نسیم نے آن میڈیا انور منصور سے معافی مانگی لیکن یہ بھی کہا کہ میں سیاق اسباق پر قائم ہوں۔وہ کہتے میں استعفیٰ نہیں دوں گا۔ حکومتی نظام میں بگاڑ ان کی نالائقی ہے، یہ پہلی نالائقی نہیں،اس سے قبل آرمی سروس ایکٹ میں خرابی کی، چیف جسٹس کھوسہ کو ان کو جھاڑنا پڑا۔
انہوں نے حکومت کو جھٹکا دیا، سیکرٹری قانون، اٹارنی جنرل ،اور فروغ نسیم ان تینوں کی بہت پہلے چھٹی ہوجانی چاہیے تھی۔چھٹی کس کی ہونی چاہیے یہ فہرست بڑی طویل ہے، میں سن رہا ہوں کہ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا بھی سامنا باندھا جارہا ہے۔اس کو خبر سمجھیں یا کوئی ناقص چہ مگوئی کہہ لیں۔فیصل واوڈا کوئی حق ہے کہ وہ وزیر رہے، خسروبختیارنالائق آدمی، شیخ رشید نے جس طرح ریلوے چلائی ہے اس کو وزارت میں ہونا چاہیے، کس کس کا نام لیں گے؟ حماد اظہر یا پھر شفقت محمود ایسے وزیر ہیں جو سر جھکا کر اپنا کام کرتے رہتے ہیں۔اسد عمر کوئی قابل نہیں، ان سے کمنٹری جتنی مرضی کروالیں، وہ اینگروسے ناکام ہوکر یہاں آئے۔

FOLLOW US