لاہور(نیوز ڈیسک ) سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس شریف فیملی کے پاس ہی رہیں گے، ایون فیلڈ کے حوالے سے شہزاد اکبر نے جو کرنا تھا کرلیا،ایسی بھی کوئی بات نہیں کہ نوازشریف نے پیسے دیے یا دیں گے، مریم نوازیہاں ہی رہیں گی لیکن خاموش رہیں گی، شہبازشریف بھی ہومیوپیتھک اپوزیشن کررہے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف شیخ رشید کہتے ہیں کہ نوازشریف اور آصف زرداری وزیراعظم عمران خان کی جیبوں میں ہیں، دوسری طرف کہا جارہا ہے کہ کوئی ڈیل ہوگئی ہے، لیکن ۔سچ ان کے درمیان میں ہے۔
نہ تو کوئی ڈیل ہوئی ہے، اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے کہ یہ بہت بڑے باغی ہیں، نہ ہی ایسا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری وزیراعظم کی جیبوں میں ہیں۔عمران خان کہتے میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ان سے ڈیل کرکون رہا ہے؟کہا جارہا ہے کہ عمران خان حکومت کریں، نوازشریف علاج کیلئے جہاں جانا چاہتے جائیں، محترمہ مریم نواز یہاں پر ہی رہیں گی اورمنہ پر زِپ لگا کررکھیں گی۔جس کا ثبوت یہ بھی ہے کہ حکومت مسلسل ان پر تنقید کررہی ہے، لیکن وہ خاموش ہیں، میرا نہیں خیال وہ باہر جائیں گی، وہ یہاں پر بھی رہیں گی اور خاموش رہیں گی۔شہبازشریف لندن میں اس لیے ہیں کہ وہ کسی معجزے کا حصہ ہیں ، ان کی وہاں بیٹی، داماد اور بیٹے موجود ہیں لیکن شہبازشریف کا ہونا اتنا بھی ضروری نہیں ہے۔ شہبازشریف وہاں ہومیوپیتھک قسم کی اپوزیشن کررہے ہیں، اس کا مطلب مک مکا نہیں ہوا، لیکن بقایا باہمی کا کوئی معاملہ ہے۔ایسی بھی کوئی بات نہیں کہ نوازشریف نے پیسے دیے یا دیں گے، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بھی ان کے پاس ہی رہیں گے، شہزاد اکبر نے جو کرنا تھا کرلیا۔اسی طرح آصف زرداری باہر آئے ہیں لیکن خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کو تنخواہ لے رہے ہیں، یہ کس منہ سے بات کرتے ہیں کیونکہ عمران خان نے بھی دھرنا دیا اور استعفے دیے لیکن پیسے لیتے رہے۔لہذا اس حمام میں سارے ننگے ہیں۔