Saturday November 30, 2024

حکومت نے عوام کو بجلی گیس اور تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے عوام کو بجلی گیس اور تیل کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وقتی حل کی بجائے پائیدار استحکام لایا جائے، ماضی کی حکومتوں کا بوجھ موجودہ حکومت اور عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلا س ہوا، اجلاس میں وزیرتوانائی عمر ایوب، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر نے شریک ہوئے۔اجلاس میں مہنگائی کو کم کرنے کیلئے بجلی، گیس کی قیمتوں میں کمی لانے ، گھریلو صارفین اور صنعتوں

کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں استحکام لانے اور ممکنہ حد تک کمی لانے کی تجاویزپیش کیں۔وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ماضی کے بجلی کارخانوں کی قیمت بھی موجودہ حکومت کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔بجلی کے گردشی قرضے بھی بڑھ گئے ہیں، بجلی کارخانوں کا اضافی بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملکی مفاد کو پس پشت رکھ کر مہنگے اور غیرمنطقی معاہدے کیے گئے۔ماضی کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ مہنگی بجلی اور گیس کی صورت میں برآمد ہوا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کی قوت برداشت کو مدنظرنہیں رکھا۔حکومت کی اولین ترجیح عوام کے معاشی حالات بہتر کرنا ہے۔ بجلی گیس کی قیمتوں میں وقتی حل کی بجائے پائیدار استحکام کیلئے کام کیا جائے۔ اسی طرح وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور ان میں ممکنہ حد تک کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،

انہوں نے ہدایت کی کہ گندم چینی و دیگر اشیاء ضروریہ کے سٹاک کا حقیقی ڈیٹا اور طلب و رسد کے حوالہ سے درست تخمینوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بنیادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی انتظامات کئے جا سکیں، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز پر فوری طور پر غور کریں تاکہ اس کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکے۔

FOLLOW US