Monday January 20, 2025

بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے پاکستانی علاقوں پر حملہ

مظفرآباد : بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے پاکستانی علاقوں پر حملہ، منگل کے روز دشمن فوج نے آزاد کشمیر کی وادی لیپا میں شہری آبادی پر شدید شیلنگ کی، 2 بچوں سمیت 6 افراد شدید زخمی، پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کاروائی کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر آزاد کشمیر کی شہری آباد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے اس مرتبہ شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرپسند بھارتی فوج نے منگل کے روز آزاد کشمیر کی وادی لیپا میں شہری آبادی پر مارٹر گولے فائر کیے۔ بھارتی فوج کی شدید شیلنگ کے باعث 2 بچوں اور خواتین سمیت 6 شہری شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ہنگامی طور پر پاک فوج کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ بھارتی فوج کی شدید شیلنگ کے باعث پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کاروائی کی اور بھارتی توپوں اور بندوقوں کو خاموش کروا دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھڑک ماری گئی تھی کہ بھارت صرف 10 دن کے اندر پاکستان کو شکست دے سکتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کی اس مضحکہ خیز بھڑک کے بعد سے بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی متعدد مرتبہ خلاف ورزی کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں کئی معصوم شہری نشانہ بنے ہیں۔

FOLLOW US