Sunday September 7, 2025

ایل او سی پر فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید پاک فوج کی جوابی کارروائی،بھارتی فوجیوں کی لاشوں کے ڈھیر لگادئیے

راولپنڈی : ایل او سی پر فائرنگ کے نیتجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔پاک فوج نے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں دشمن کی چوکی تباہ کر دی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور پاک فوج نے اس کا بھرپور جواب دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔شہدا میں نائب صوبیدار کندیرو اور سپاہی احسان شامل ہیں،نائب صوبیدار کندیرو کا تعلق پنو عاقل ضلع سکھر سے ہے اور سپاہی احسان کا تعلق پنڈ دادن خان ضلع جہلم سے تھا۔پاک فوج نے جوابی فائرنگ سے حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی چوکی تباہ کر دی ہے جس سے صوبیدار سمیت تین بھارتی فوجی مارے گئے ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فوج کی جوابی کاروائی میں کئی بھارتی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

جب کہ دوسری جانب گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پندرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے ایل او سی پر متاثرہ گھرانوں کیلئے پیکج کی منظوری دے دی، ایل او سی پر 13ہزار 982 گھرانوں کیلئے امدادی پیکج دیا جائے گا، پیکج کے تحت متاثرہ گھرانوں کو 67 کروڑ روپے کی امداد دی جائے گی۔ اجلاس میں بھارت سے پولیو فنگر مارکر درآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی کاروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔بھارت کوئی بھی کاروائی کرنے سے پہلے سو بار سوچ لے۔