اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے قوم کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے اور اس خطاب میں وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کریں گے اور قوم کو اعتماد میں لیں گے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب تھوڑی دیر میں نشر کیا جائے گا۔
وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے عوام کو آگاہ کریں گے اور عوام کو اعتماد میں لیں گے۔ دوسری جانب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہیں بنا سکتے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ وہ دن آئے گا جب ہم نوازشریف کی قیادت میں کشمیر فتح کریں گے، یہ قوم اور ن لیگ ہی کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنائے گی۔ 27اکتوبر کے موقع پرلاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم عمران نیازی کیلئے نہیں کشمیر کی آزادی کیلئے بات کر رہی ہے، ہمیں دن رات محنت کرکے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا، عمران نیازی نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کر دیا ہے، باہر صلح اور اندر لڑائی کی دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، نوازشریف نے ملک میں بجلی کے اندھیرے دور کیے، وہ دن آئے گا جب ہم نوازشریف کی قیادت میں کشمیر فتح کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان نے نریندرا مودی کیلئے فضائی حدود بند کر دی ہے۔ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی وجہ سے پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔ بھارت نے اپنے وزیراعظم نریندرا مودی کے طیارے کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست کی تھی جو کہ پاکستان نے مسترد کر دی ہے۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے یومِ سیاہ کی مناسبت سے نریندر مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجزات نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔