لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ایسا نہیں ہونا چاہیے بلکہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے ،(ن) لیگ کے وزراء غیر مقبول ہو رہے ہیں اور یہ نفرت کا اظہار ہے ۔خواجہ آصف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ عمل کسی طرح بھی درست نہیں لیکن (ن) لیگ کے وزراء تیزی سے غیر مقبول ہو رہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات کا ہونا انتہا ہے اور یہ نفرت کا اظہار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔واضح رہے کہ سیالکوٹ میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں خواجہ آصف انتہائی افسوسناک سلوک کا نشانہ بن گئے، مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور وزیرخارجہ خواجہ آصف جیسے ہی خطاب کرنے کے لئے سٹیج پر پہنچے تو ایک نوجوان نے ان کے چہرے پر سیاہی پھینک دی ، اس موقع پر شدید ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی جس کے بعد کارکنوں نے اس نوجوان کو پکڑ کر اس کی خوب دھلائی کی ، اس موقع پر پولیس نے آکر اس نوجوان کو گرفتارکرکے پولیس سٹیشن منتقل کردیا ہے، خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنے والے نوجوان کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اس نے یہ اقدام کیوں کیا اور اس کا کس سیاسی جماعت سے تعلق تھا تاہم موقع پر موجود کارکنوں نے اس نوجوان کی بری طرح پٹائی کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔