Monday January 20, 2025

بھارت نے بنگلہ دیش کیساتھ بھی پنگا لے لیا، سرحد پر شدید جھڑپیں، بنگالی فوج نے بھارتی فوج کے دانت کھٹے کرتے ہوئے جانی نقصان کر دیا

نئی دہلی : بھارت نے بنگلہ دیش کیساتھ بھی پنگا لے لیا، سرحد پر شدید جھڑپیں، بنگالی فوج نے بھارتی فوج کے دانت کھٹے کرتے ہوئے ایک بھارتی فوجی جہنم واصل جبکہ متعدد زخمی کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سرحد پر مسلسل چھیڑ چھاڑ کرنے والی بھارتی فوج نے اب بنگلہ دیشی فوج کیساتھ بھی کشیدگی میں اضافہ کر لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارتی اور بنگلہ دیشی فورسز کے درمیان سرحدی علاقے میں جھڑپ ہوئی ہے۔ اس جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔ جھڑپ کے دوران دونوں جانب سے بھرپور فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ بنگلا دیشی اور بھارتی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کا واقعہ دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں پیش آیا جہاں بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار ایک بھارتی ماہی گیر کو بنگلا دیشی سرحدی گارڈز کی حراست سے واپس لینے پہنچے تھے۔ بنگلا دیش کی جانب سے تین بھارتی ماہی گیروں کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے 2کو رہا کردیا گیا جب کہ 1 کو رہا کرنے سے انکار کردیا گیا تھا۔ اس تمام صورتحال میں جب بھارتی فورس کے اہلکار اپنے ماہی گیر کی واپسی کیلئے بنگلا دیشی سرحدی حکام سے ملاقات کیلئے پہنچے تو اس دوران دونوں فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک بھارتی فوجی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔

بعد ازاں فائرنگ کے تبادلے کے واقعے کے بعد بی ایس ایف چیف اور بنگلہ دیشی ہم منصب کے درمیان ہونے والی فلیگ میٹنگ میں واقعے کی تحقیقات کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ بنگلا دیشی اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے درمیان 20 سالوں کے دوران ایک بھی جھڑپ کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ اب جمعرات کے روز پیش آئے واقعے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔

FOLLOW US