کوئٹہ : کوئٹہ ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کے نشانے پر، صوبائی دارالحکومت دھماکے سے لرز اٹھا، دھماکہ شہر کے علاقے مشرقی بائی پاس پر پیش آیا، بم ایک موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا گیا، متعدد افراد شدید زخمی، اموت ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کا نشانہ بنا اور دھماکے سے لرز اٹھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر بدھ کی شب کو دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکے کے باعث زخمی ہونے والے کچھ افراد جان کی بازی ہار سکتے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ یہ ایک بم دھماکہ تھا جو ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے بعد ازاں ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا گیا۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔