Monday February 24, 2025

ایل او سی کے مختلف مقامات پر گھمسان کی لڑائی، بھارتی فوج کی جانب سے توپ کا استعمال، پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کاروائی، دشمن کی چیک پوسٹس کے پرخچے اڑادیئے

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر گھمسان کی لڑائی، پاک فوج نے بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کے پرخچے اڑا دیے، 3 بھارتی فوجی بھی جہنم واصل کر دیے گئے، جوابی کاروائی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بعد کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی پر سیز فائرمعاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی گئی ہے۔منگل کے روز بھارتی فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس میں بھاری توپ خانے کو بھی استعمال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے

لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بھاری گولہ باری کی جس کے نتیجے میں پاکستان کے 2شہری شہید ہو گئے۔بھارت کی اس کاروائی کے بعد پاک فوج نے بھی فوری متحک ہو کر بھرپور جوابی کاروائی کی۔ پاک فوج کی جانب سے بھارت فوج کو منہ توڑ جواب دیا گیا اور دشمن کی متعدد چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔اس کاروائی میں 3 بھارتی فوجیوں کے جہنم واصل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ آج صبح بھی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔ اور اب پھر بھارتی دہشتگرد فوج نے وادی لیپا، دانا، جوڑا، شاردا، دھدنیال سیکٹر کو بھاری توپ خانے اور مارٹرز سے نشانہ بنایا جس کے بعد پاکستانی فوج نے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور انہیں شدید نقصان پہنچایا۔بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے باعث پاک فوج نے وادی نیلم کی طرف جانے والے راستے بند کردیے ہیں۔شاہراہ کو دھنی کے مقام پر عام ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات سے ہی بھاری توپ خانے کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کر دیا تھا۔ آخری اطلاعات تک لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر گھمسان کی لڑائی جاری ہے اور بھارتی فوج اب تک شدید نقصان اٹھا چکی ہے۔