Saturday July 27, 2024

میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ سعودی عرب کی تمام عورتیں جلد ہی۔۔۔ عرب شہزادی ریما بنت بندر آل سعود نے واشنگٹن جا کرحیران کن بیان دے دیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب بھی روشن خیالی اور جدت و ترقی پسندی کی عالمی دوڑ میں شامل ہو رہا ہے ۔ اور سعودی حکام نے ملک گیر سطح پر ایسے منصوبوں کا آغازکر دیا ہے جس پر وہ امریکہ اور مغربی ممالک کو اعتماد میں لینے کو ایک سند قرار دے رہے ہیں۔ سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کی نائب صدر شہزادی ریما بنت بندر آل

سعود نے کہا ہے کہ مملکت کی خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں ، انھیں اسٹیڈیموں میں فٹ بال میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے ،انھیں کاریں چلانے کا حق دیا گیا ہے لیکن ڈرائیونگ کا حق تمام سعودی خواتین کو حاصل نہیں ہوگا۔وہ امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اٹلانتک کونسل کے زیر اہتمام ایک تقریب میں گفتگو کررہی تھیں۔انھوں نے کہا کہ سعودی خواتین سے متعلق سنجیدہ مسائل کے حل کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ان میں ایک تو یہ ہے کہ ایک عورت خود کو گھر میں محفوظ سمجھے اور دوسرا مردوں کی بالادستی والے معاشرے میں وہ بھی اپنا کوئی کیرئیر اپنا سکے۔انھوں نے کہا کہ گھریلو تشدد ایک اہم مسئلہ ہے اور میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ ہم اس پر کام کررہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس اتھارٹی یہ کوشش کررہی ہے کہ صحت مند آبادی کے لیے زیادہ سے زیادہ سعودی صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیں،ورزش کریں۔شہزادی ریما کا کہنا تھا کہ حجاب اوڑھنے والی خواتین کے لیے سیاہ رنگ کا برقع اب کوئی رکاوٹ نہیں ہوگا۔تین کمپنیاں پہلے ہی ایتھلیٹ خواتین کے لیے عبایا تیار کررہی ہیں۔ دو مزید سائیکلنگ کے لیے بھی بنا رہی ہیں اور اب اس لباس میں بھی جدت آئے گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں منعقدہ اولمپک مقابلوں میں چار خواتین کو ’’وائیلڈ کارڈ‘‘ انٹری کی بنیاد پر حصہ لینے کے لیے بھیجا تھا لیکن شہزادی ریما کا اٹلانتک کونسل کی تقریب کے موقع پر اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انھیں تب خوشی ہوگی جب ایک سعودی کھلاڑیہ اپنے میرٹ کی بنیاد پر اولمپکس میں حصہ لینے کے لیے جائے گی ۔تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ اس میں ابھی بہت وقت لگے گا۔

FOLLOW US