لاہور (نیوزڈیسک) لاہور میں بھرپور دما دم مست قلندر شروع، ن لیگی مشتعل کارکنوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لاہور کے مشہور شاہراہ مال روڈ پر یوم سیاہ کے سلسلے میں احتجاج کا انعقاد کیا گیا ہے۔ تاہم مال روڈ سے موصول ہونے والی اطلاعات
کے مطابق وہاں صورتحال بگڑ گئی ہے۔ مال روڈ پر ن لیگ کے مشتعل کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ ن لیگ کے مشتعل کارکنوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا اور کھڑی رکاوٹیں زبردستی ہٹا دی گئیں۔ ن لیگ کے کارکنوں کی جانب سے اسمبلی کی عمارت کی جانب جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ماڈل ٹاون سے ایک بڑی ریلی کے ہمراہ مال روڈ کیلئے روانہ ہوگے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مال روڈ لاہور پر اس وقت ہزاروں لیگی کارکن موجود ہیں۔ جبکہ شہباز شریف جس ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اسے مال روڈ لے کر جا رہے ہیں، اس ریلی میں بھی ہزاروں کی تعداد میں لیگی کارکن شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات کے دھاندلی زدہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ اسی باعث اپوزیشن جماعتوں نے عام انتخابات 2018 کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا، اور اس سلسلے میں ملک کے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جلسوں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔