اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مون سون کا تیسرا سپیل، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون
سون بارشوں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا۔اسلام آباد میں 150سے 200ملی میٹربارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہریوں کو پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے منع کیا گیا ہے کیونکہ اگلے 48گھنٹوں میں انتہائی تیز بارش متوقع ہے جس سے حالات شدید خراب ہو سکتے ہیں ۔ لہذا اسلام آباد سے پہاڑی علاقوں کی طرف جانے کے خواہشمند فی الحال بالائی علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں ۔ راولپنڈی میں طوفانی بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ چناب، سندھ اور دریا کابل بھی بپھر سکتا ہے، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر سیلاب کا خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔