لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کےخلاف احتساب نہیں بلکہ انتقام لیا جارہاہے اور تین دفعہ کے منتخب وزیر اعظم 70سال کی عمر میں جیل میں قید ہیں۔لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاناما سے شروع ہونے والا انتقام کا سلسلہ آج تک
جاری ہے۔ جب تین نسلوں کے کھاتے کھنگالنے کے بعد بھی کوئی ثبوت نہ ملا تو کمال ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی سے صرف مفروضوں اور انتقام پر مبنی فیصلے سنا دئیے گئے، اور کہا گیا کہ رسیدیں نہیں ملے، ثبوت نہیں ملے، اصل حقیقت یہ ہے کہ رسیدیں بھی دیں، ثبوت بھی دئیے، عدالت میں کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا اور پھر بھی سزا ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہر موقع پر عدالت میں پیش ہوئے بلکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم کی بیٹی کو بھی بے گناہ عدالت میں گھسیٹا گیا اور پھر جیل میں بھی ڈال دیا گیا، چونکہ ہم نے تمام ثبوت دئیے، لیکن وہ مانے نہیں گئے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مقدمات شروع ہونے سے پہلے ہی فیصلے کئے جا چکے تھے تو اس لئے نا ہی ثبوتوں کو تسلیم کیا گیا اور نہ ہی گواہیوں کو مانا گیا۔قرآن کہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی تدبیر ہر تدبیر پر بھاری ہے، ہم نے، نواز شریف نے، شریف خاندان نے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بار بار عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور بار بار عدل کی زنجیر ہلائی، مگر ہر مرتبہ فیصلہ نئی سزا کی صورت میں سامنے آیا اور پھر ایسا موڑ آیا کہ میاں نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا، وہ
بار بار اس کا ذکر بھی کرتے رہے کہ میں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا ہے اور غیبی مدد کے انتظار میں بیٹھ گئے اورپھر یوں ہوا غیبی مدد آئی، شائد پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اس طرح کی مدد آئی اور ایسی مدد آئی کہ مجھ اور میاں صاحب سمیت سب پکارنے والے حیران و پریشان ہو گئے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ یقین مانیں اس پر کوئی انسان قادر نہیں اور صرف اور صرف اللہ تعالی کی ذات قادر ہے، سزا دینے ولا خود بول اٹھا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، نواز شریف کیساتھ ناانصافی ہوئی، سزا دینے والا خود کہہ اٹھا کہ فیصلہ سنایا نہیں سنوایا گیا ہے، فیصلہ کیا نہیں بلکہ کروایا گیا ہے، وہ کہانی کیا ہے، آج میں آپ سے اور آپ کے توسط سے 22 کروڑ پاکستانی عوام سے اور پوری دنیا سے وہ کہانی شیئر کرنے جا رہی ہوں۔یہ ایک ایسی ٹھوس اور ناقابل تردید حقیقت اور ثبوت ہے جس کے بعد انشاءاللہ نواز شریف تو سرخرو ٹھہر ہی جائے گا لیکن رتی برابر بھی شک باقی نہیں رہے گا کہ نواز شریف جو تین دفعہ کا وزیراعظم رہا وہ ناصرف انتقام اور ظلم کا نشانہ بنا بلکہ سزا دینے کا پورا عمل بدنیتی، سازش، انتقام اور ٹھوس منصوبہ بندی کے نتیجے میں
عمل میں آیا۔مریم نواز شریف نے اس موقع پر احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی خفیہ کیمرے سے کی گئی ریکارڈ دکھائی اور بتایا کہ یہ ویڈیو میاں صاحب سے محبت کرنے والے پارٹی کے ایک کارکن نے بنائی ہے۔ اور یہ جج ارشد ملک وہی ہیں جنہوں نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا سنائی اور جس کے نتیجے میں وہ آج کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔