راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے فوجوں کے مابین شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول سے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوانوں اور ایک شہری کی شہادت کی اطلاعات ملی ہیں۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا
جس کے نتیجے میں سات بھارتی فوجی جہنم واصل جبکہ 19زخمی ہو ئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے کئی سیکٹرز پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے کئی سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے دوران پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 18 سال کا نوجوان شہید اور تین خواتین زخمی بھی ہوئیں۔