ایل او سی پر پاک فوج کے جوانوں کو الرٹ کر دیا گیا
اسلام آباد (نیوزڈیسک) : ایل او سی پر پاک فوج کے جوانوں کو الرٹ کر دیا گیا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کے لیے لڑنے کو تیار ہیں۔ایل او سی پر پاک فوج کے جوان الرٹ ہیں۔ پاکستان نیوی اور پاکستان فضائیہ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔48گھنٹوں میں بھارتی فوج نے کوٹلی ، کھوئی رٹہ،تتہ پانی پر اشتعال انگیزی کی۔ پاک
فوج نے بھارتی جارحیت پر بھرپور جواب دیا۔بھارتی فائرنگ سے 4 شہری شہید ہوئے جب کہ دو زخمی ہوئے۔پاک فوج کی جوابی کاروائی سے بھارتی چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں۔اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ نکیال سیکٹر کے گاؤں لنجوٹ میں بھارتی فوج نے گولہ باری کی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بھارتی گولہ باری سے دو مکان تباہ ہوئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیئے جانے کے باوجود بھی بھارتکا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کو کل صبح کو سرپرائز دیا گیا۔ 27 فروری 2019ء تو جیسے بھارتی فوج کے لیے قیامت کا دن ثابت ہوا۔ بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر بھارت کے 8 افسران ہلاک جبکہ ایک بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں آ گیا اور قیدی بن گیا ۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کو گذشتہ روز ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی پیشکش کی گئی لیکن بھارتی حکومت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کی عوام کی جان خطرے میں ڈالنے کی ٹھان لی اور
پاکستان پر حملے کے لیے مسلح افواج کو کھُلی چھوٹ دے دی ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کارروائی کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس اور وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بھارت کو ایک مرتبہ پھر سے امن کے قیام کے لیے مذاکرات کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت کسی طور امن قائم نہیں کرنا چاہتا جس کی وجہ بھارت کا جنگی جنون ہے جو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔