لاہور(نیو زڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں مسلم لیگ کو فعال بنانے کیلئے ان صوبوں کے دورے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاں بھی پارٹی کو مضبوط بنا کر پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی دور جیسے عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار یہاں
اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ہری پور ہزارہ سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی ارکان اور یوتھ کونسلرز کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، میاں منیر اور بلال مصطفی شیرازی بھی موجود تھے۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں ناظم محمد ادریس، نائب ناظم راشد چودھری، محمد اسد، ادریس علی، نوید احمد، ندیم خان، خالد چودھری، حفیظ انور، چودھری شکیل اور سیٹھ نوید شامل ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے وفد کے ارکان کو پارٹی میں خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے دور میں پنجاب میں مثالی ترقی ہوئی اور بہت سے ایسے فلاحی عوامی منصوبے مکمل ہوئے جن کی پاکستان کی تاریخ میں پہلے مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں پارٹی کو متحرک اور مضبوط بنانے پر زور دیا، ملک جمیل صدر مسلم لیگ اور کونسلر یوتھ ونگ کے پی کے کو پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے احکامات بھی دئیے۔ سٹی صدر ہزارہ نے چودھری شجاعت حسین کو دورہ کی دعوت بھی دی۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ عام اور غریب آدمی کی حالت بہتر اور خوشحال بنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔