امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بالکل اکیلے رہ گئے داعش کے خلاف جنگ میں سب سے اہم امریکی شخصیت نے استعفیٰ دے دیا
واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام سے اپنے فوجیوں کے انخلا کے اچانک فیصلے کے خلاف احتجاج کے طور پر داعش مخالف اتحاد میں امریکی ایلچی بریٹ مک گرک بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔اتوار کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مکگرک سے قبل امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس جمعہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے
مستعفی ہوگئے تھے۔امریکی ایلچی نے صرف 11روز قبل یہ کہا تھا کہ یہ سوچنا بالکل احمقانہ ہوگا کہ داعش شکست سے دوچار ہو گئی ہے اس لیے امریکی فوجیوں کو شام سے وطن واپس بلایا جانا بھی غیر دانشمندانہ ہوگا ۔انھوں نے مئی کے وسط میں اپنا عہدہ چھوڑنے کے لیے اپنے منصوبے کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔صدرڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ بدھ کو اچانک ایک ٹویٹر کے ذریعے جنگ زدہ شام سے قریبا دو ہزار امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ داعش کو شام میں شکست ہوچکی ہے جس پر متعدد امریکی عہدے داروں کے علاوہ برطانیہ اور فرانس نے بھی ان کے اس فیصلے سے اختلاف کیا تھا۔