پاکستان میں فیس بک استعمال کرنے والے خبردار ہوجائیں فیس بک کے حکام وزیر اعظم عمران خان سے ملنے پہنچ گئے کئی معاملات طے پا گئے
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فیس بک پر جھوٹی خبروں، نفرت انگیز مواد روکنے کی ضرورت ہے، جھوٹ، نفرت پر مبنی مواد معاشرے کے لیے خطرہ ہے،سماجی ویب سائٹس سے سوشل سروسز میں انقلابی اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان سے فیس بک حکام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری، افتخار درانی ودیگر حکام ملاقات میں شریک تھے، وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کے سوشل نیٹ ورک کو پھیلانے کی تعریف کی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فیس بک نے سوشل میڈیا رابطے کے نظام کو عالمی سطح پر بدل دیا ہے، اہم معاملات پر عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، سماجی ویب سائٹس سے سوشل سروسز میں انقلابی اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔عمران خان نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر بھی اظہار تشویش کیا، فیس بک نمائندے سائمن ملر نے وزیراعظم کو فیس بک فیچرز سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعظم کو دور دراز علاقوں تک فیس بک کے ذریعے رسائی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ فیس بک کے ذریعے صحت کے شعبے میں انقلاب لایا جاسکتا ہے، عوام میں آگاہی اور شعور پھیلانے میں فیس بک کا بڑا کردار ہے۔سائمن ملر نے کہا فیس بک کا غلط استعمال روکنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، خطرے کی صورت حال، ایمرجنسی حالات میں فیس بک کے استعمال پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی روابط کو بڑھانے پر فیس بک انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں صحت کے مسائل کو اجاگر کیا جاسکتا ہے۔