Thursday December 12, 2024

مطلوب سابق انسپکٹر عابد باکسر کو دبئی میں گرفتار

لاہور (نیوز ڈیسک) پولیس مقابلوں سے شہرت حاصل کرنے والے اور لاہور پولیس کو مطلوب سابق انسپکٹر عابد باکسر کو دبئی میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔عابد باکسر کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا گیا جو لاہور پولیس کو قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ عابد باکسر کو شہرت اس وقت ملی جب

اس نے جعلی پولیس مقابلوں میں متعدد افراد کو ٹھکانے لگایا۔ قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے اور انڈر ورلڈ کے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ گہرے مراسم رکھنے کی وجہ سے عابد باکسر نے سیاسی اثر و رسوخ بھی حاصل کیا اور اپنے اختیارات کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے شوبز حلقوں پر بھی اپنی اجارہ داری قائم رکھی۔2002ء میں عابد باکسر نے معروف اداکارہ اور ڈانسر نرگس کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بیشتر معروف فلمی شخصیات خوف کے باعث عابد باکسر کے ساتھ تعلقات رکھنے پر مجبور تھیں۔ عابد باکسر کا ساتھی اور سابق پولیس انسپکٹر نوید سعید 2005ء میں ستوکتلہ میں مخالفین کے ہاتھوں قتل ہوا تھا۔ عابد باکسر کے دیگر قریبی ساتھیوں میں قبضہ گروپوں سے پہچان بنانے والے ملک احسان، گوگی بٹ اور طیفی بٹ شامل ہیں جو مختلف ممالک میں اس کا قیام اور اخراجات برداشت کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق عابد باکسر اشتہاری ہونے کے بعد عارضی طور پر یورپ سمیت مختلف ممالک میں قیام پذیر رہا۔ تاہم اس نے مستقل سکونت دبئی میں اپنے دیرینہ ساتھی ملک احسان کے ساتھ ہی رکھی۔ گرفتاری کے بعد عابد باکسر کو قانونی کارروائی کے لئے جلد وطن لایا جائے گا۔

FOLLOW US