کورکمانڈرزکانفرنس، ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجزکا جائزہ
راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں215 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس خطے کی سکیورٹی اور جیو اسٹریٹجک صورتحال پر غورکیا گیا۔ کانفرنس میں ملک کی جغرافیائی اور سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے مشرقی سرحد کی صورتحال اور بھارت کی کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔ اجلاس میں پا ک افغان سرحد پر باڑ لگانے اور جاری آپریشنز میں پیشرفت پر غور کیا گیا۔
کانفرنس میں ملک میں دیرپا امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ ملک میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے تعاون کرتے رہیں گے۔کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ امن، سلامتی، خوشحالی قانون کی حکمرانی میں ہے۔ قانون کی بالادستی سے ملک ترقی کرے گا۔ریاست کی رٹ قائم کرنے اورقانون کی بالادستی کیلئے ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کی جائے گی۔