Saturday December 21, 2024

عمران خان، ریحام کی بد نیتی اور جھنجھلاہٹ پر مبنی باتوں کا جواب نہیں دیں گے ،ْ عون چوہدری

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے پرسنل سیکریٹری عون چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان، ریحام کی بد نیتی اور جھنجھلاہٹ پر مبنی باتوں کا جواب نہیں دیں گے۔ایک انٹرویو کے دوران ریحام خان نے عمران خان پر سخت تنقید کی تھی جس پر چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا تاہم ان کے پرسنل سیکرٹری

عون چوہدری نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے ریحام خان کو مخاطب کرتے ہوئے جواب دیا ہے۔ عون چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میرے لیڈر عمران خان خواتین کی عزت کرتے ہیں اسی لیے وہ ان کی بد نیتی اور جھنجھلاہٹ پر مبنی باتوں کا جواب نہیں دیں گے۔یاد رہے کہ ریحام خان نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ان کے ذرائع نے عمران خان تیسری شادی کی تصدیق کر دی ہے مگر نہ جانے کیوں عمران خان اس کا اعلان نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو ناجانے کیسے صادق اور امین قرار دے دیا، وہ تو اپنی شادی کے معاملے پر بھی جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ریحام خان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی عمران خان سے شادی 31 اکتوبر 2014 کو ہوئی اور ٹھیک ایک سال بعد 31 اکتوبر 2015 کو طلاق ہو گئی۔

FOLLOW US