فیصل آباد (نیوز ڈیسک) : عابد شیر علی کی جانب سے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے عابد شیر علی کی درخواست مسترد کردی،جس کے بعد این اے 108 سے فرخ حبیب کامیاب قرارپا گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018ء کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 108 میں مسلم لیگ ن کے
رہنما عابد شیر علی کو شکست ہو گئی تھی جبکہ پی ٹی آئی اُمیدوار فرخ حبیب کامیاب ٹھہرے تھے ۔ فرخ حبیب نے این اے108 میں ایک لاکھ 12 ہزار 740 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی جبکہ عابد شیر علی ایک لاکھ 11 ہزار 529 ووٹ حاصل کر سکے۔اس کے بعد عابد شیر علی نے فیصل آباد میں بھی عابد شیر علی نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست دے دی۔سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میرے پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے وقت باہر رکھا گیا، کسی دستاویز پر میرے پولنگ ایجنٹ کے دستخط نہیں، نہ ہی فارم 45 دئیے گئے، شاہ محمود قریشی کا 2 لاکھ ووٹ 2 گھنٹے میں گنا گیا، میرا نتیجہ 24 گھنٹے بعد ملا اور وہ بھی کچی پرچی پہ۔ عابد شیرعلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے جج صاحب سے وعدہ
کیا ہے کہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے تک کچھ نہیں کہوں گا، میں نے ایک لاکھ گیارہ ہزار ووٹ لیے ہیں۔تاہم ریٹرننگ آفیسر کے سامنے کی گئی گنتی میں عابد شیر علی کوایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔جس کے بعد عابد شیر علی نے عدالت جانے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں اپنے حلقے میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست دی تھی۔تاہم اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ عابد شیر علی کی جانب سے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے عابد شیر علی کی درخواست مسترد کردی،جس کے بعد این اے 108 سے فرخ حبیب کامیاب قرارپا گئے ہیں۔