لاہور (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے جمعہ کے روز وطن واپس آنے کا اعلان کیا تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنان نے ان کے استقبال کی تیاری شروع کر دی جبکہ نیب نے انہیں گرفتار کرنے کے انتظامات شروع کر دئیے۔پاکستانی اس اعلان پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور کارکن تو اس فیصلے پر اپنے لیڈران کو ”شیر” قرار دے رہے ہیں جنہوں نے قید سے ڈرنے کے بجائے اس کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے مگر عوامی مسلم لیگ کے
سربراہ شیخ رشید نے مریم نواز شریف سے ایسی فرمائش کر دی ہے کہ جان کر ہی لیگی کارکن آگ بگولہ ہو جائیں گے۔ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ”مریم صاحبہ یہ سن کر خوشی ہوئی کہ آپ پاکستان واپس آ رہی ہیں۔ اپنے بھائیوں اور اسحاق ڈار کو ساتھ لانا مت بھولئے گا۔“دوسری جانب ایک خبر کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سزا کے بعد نااہل قرار دیئے جانے والی سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے حلقوں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی روکنے کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ مریم نواز این اے 127 (لاہور) اور کیپٹن (ر) صفدر این اے 14 (مانسہرہ) سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ این اے 127 اور این اے 14 کےبیلٹ پیپرز تاحکم ثانی نہ چھاپے جائیں۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست سے بھی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرکے نام نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں حلقوں کے بیلٹ پیپرز عدالتی حکم نامہ موصول ہونے کے بعد چھپوائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر کے حلقوں کے 30 فیصد سے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ 20 جولائی تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل یکم جولائی سے شروع ہوا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید
اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔دوسری جانب عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔سزا کے ساتھ ہی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر انتخابات کے لیے بھی نااہل ہوگئے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اس سے قبل ہی عدالت تاحیات نااہل قرار دے چکی ہے۔