اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ کی بڑی وکٹ گرادی ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور قانون دان ظفر علی شاہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کردیا ہے، عمران خان نے ظفرعلی شاہ کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے سینیٹرظفرعلی شاہ نے ملاقات کی، جس میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اس موقع پرانہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلا ن کردیا ہے۔ چیئرمین عمران خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو
کرتے ہوئے سینیٹرظفرعلی شاہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کومضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔سیاسی ورکروں کوچاہیے کہ عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پرکوئی داغ یا دھبہ نہیں ہے۔ واضح رہے واضح رہے سینٹرظفرعلی شاہ مسلم لیگ ن کی قیادت سے بعض معاملات پر پچھلے کافی عرصے سے نالاں تھے۔ ظفرعلی شاہ ٹی وی پروگراموں میں بھی مسلم لیگ ن کیخلاف بیانات بھی دیتے رہے۔جس پر ن لیگی قیادت ان سے ناراض تھی۔انہیں پارٹی کے اہم مشاورتی اجلاسوں میں بھی مدعو نہیں کیا جاتا تھا۔تاہم انہوں نے الیکشن قریب آتے ہی تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کردیا ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے الیکشن جیتنے کی راہ ہموارنظر آتے ہی ہوا کا رخ پی ٹی آئی کی حق میں تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ دوسری سیاسی جماعتوں کے متعدد موسمی پرندوں نے وفاداریاں بدل لی ہیں۔تاہم اقتدار کیلئے سیاسی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے الیکٹیبلز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔بتایا جارہا ہے کہ جوں جوں الیکشن قریب آئے گا پی ٹی آئی کے ایسے انتخابی حلقے جو کمزور ہیں وہاں پر بھی بعض رہنماء پی ٹی آئی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوجائیں گے۔