اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نگران سیٹ اپ کو قائم ہوئے ابھی چند ہی روز ہوئے ہیں اور استعفوں کی اطلاعات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ نجی ٹی وی ”نیو نیوز“ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نگران وزیرداخلہ اعظم خان نے تحریک انصاف سے تعلق اور زلفی بخاری کی سعودی عرب روانگی کے حوالے سے شدید تنقید کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ،اعظم خان کے مستعفی ہونے کی وجہ بھی مبینہ طورپر ان پر تحریک انصاف سے تعلق کے الزامات اور عمران خان کی فاؤنڈیشن کا ممبر ہونے سمیت زلفی بخاری کی سعودی عرب روانگی بتایاجارہاہے واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی سعادت کے لئے جب جارہے تھے تو ان کے ہمراہ زلفی بخاری بھی تھے جن کو ایئرپورٹ
پر روک دیاگیا تھا بعد ازاں ز لفی بخاری وزارت داخلہ کے ساتھ رابطوں کے بعد سعودی عرب جانے میں کامیاب ہوگئے تھے، اعظم خان پر زلفی بخاری کی سعودی عرب روانگی، عمران خان کی فاؤنڈیشن کا ممبر ہونے اور اور تحریک انصاف سے تعلق کے الزامات لگائے جارہے تھے جس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیرداخلہ اعظم خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔