Sunday January 19, 2025

انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہونگے، صدر مملکت نے سمری پر دستخط کردیے

اسلام آباد : سینیٹر انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 8 ویں نگران وزیراعظم بن گئے۔ صدرِ مملکت عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تقرری کی سمری پر دستخط کر دئیے ہیں۔آج نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لئے وزیراعظم شہباز شریف سے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی ملاقات ہوئی جس میں انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیراعظم اتفاق ہوا۔ ۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے دستخط کرکے ایڈوائس صدرِ مملکت کو بھجوا ئی۔صدر مملکت نے انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تقرری کی ایڈوائس پر دستخط کر دئیے ہیں

جس کے بعد اب انوار الحق کاکڑ ملک کے نگران وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ گزشتہ روز صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد کو خط لکھا تھا۔ صدر مملکت نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو 12 اگست تک نگران وزیراعظم کا نام دینے کا کہا۔ عارف علوی نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کی ایڈوائس کی منظوری دی،9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 12 اگست تک موزوں نگران وزیراعظم کا نام تجویز کریں۔ انکا کہنا تھا کہ ،آئین کے تحت وزیرِ اعظم اور قائدِ حزب اختلاف کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 3 دن کے اندر نگران وزیرِ اعظم کا نام تجویز کرنا ہوتا ہے۔خیال رہے کہ انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔انوار الحق کاکڑ 2018میں آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔انوار الحق کاکڑ کا نام نگران وزیراعظم کے لیے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی جانب سے دیا گیا تھا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اتفاق کیا۔

FOLLOW US