Saturday January 18, 2025

نگران وزیر اعظم کے امیدواروں کی فہرست میں سابق آرمی چیف راحیل شریف کا نام بھی شامل ہونے کا انکشاف

اسلام آباد :نگران وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں راحیل شریف کا نام بھی شامل ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ندیم ملک نے سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ نگران وزیر اعظم کے امیدواروں کی فہرست میں سابق آرمی چیف راحیل شریف کا نام بھی شامل ہے، تاہم وزیر اعظم شہباز شریف اور راجہ ریاض دونوں نے ایک دوسرے سے امیدواروں کی فہرست کا تاحال تبادلہ ہی نہیں کیا، کہا جا رہا ہے کہ اسٹیبلیشمنٹ کی جانب سے اگر کوئی نام تجویز کیا گیا تو دونوں افراد اس کی حمایت کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 ماہ کسی سیاسی مخالف کو جیل بھجوانا تو دور ناجائز تنگ بھی نہیں کیا،موجودہ حکومت میں کسی کے خلاف نیب کیسز نہیں بنائے۔ میری زندگی کا سب سے زیادہ مشکل امتحان یہ 16 ماہ تھے،میں نے اتنا بڑا امتحان 38 سالہ سیاسی سفر میں نہیں دیکھا۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا دور ظلم اور زیادتی کا فاشٹ دور تھا۔ دھرنے اور لانگ مارچ کی باتیں ہو رہی ہوں تو کون سرمایہ کاری کرے گا؟۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر آج عمران خان کو سزا ملی ہے تو ہمیں اس کی خوشی نہیں ہوئی،یہ قطعاََ مٹھائی بانٹنے اور کھانے کی بات نہیں ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا،سیلاب کے دوران چاروں صوبوں نے دن رات محنت کی۔

FOLLOW US