اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 5 سال کیلئے نااہل قرار دے دیا، چئیرمین تحریک انصاف کو آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی انہیں 5 سال کیلئے نااہل کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ سیشن جج نے الیکشن ایکٹ کی شق 167 کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی کو کرپٹ پریکٹسز کا قصور وار قرار دیا،
آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی نااہل قرار پائے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو این اے 45 کرم سے بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے پارٹی چیئرمین کا عہدہ عمران خان کے لیے تاحیات مختص کردیا۔ منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا، جس میں کور کمیٹی کی متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد چیئرمین کا منصب تاحیات بانی چیئرمین عمران خان کیلیے مختص کردیا گیا۔ کور کمیٹی اجلاس میں چیئرمین عمران خان کی منظوری سے تحریک انصاف نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو عدالتِ عظمیٰ کے روبرو چیلنج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ انتخابات کو التوا کا شکار کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور قانونی و سیاسی مزاحمت کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی بنیادی حقوق اور شخصی آزادیوں کے تحفظ کیلیے آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو بھی عدالتِ عظمیٰ کے روبرو چیلنج کرے گی۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا کہ فسطائی سرکار کی جانب سے قوانین کو خون آشام بنانے کے سلسلے کی راہ روکیں اور حقوق و شخصی آزادیوں کا ہر حال میں تحفظ کریں گے۔ علاوہ ازیں کور کمیٹی نے تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی ہر کوشش کی بھی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ”بلّے“ کا انتخابی انشان بطور جماعت ہمارا حق ہے، سلب کرنے کی قابلِ مذمّت کوشش کی گئی تو ہر ممکن قانونی و سیاسی طریقے سے چیلنج کریں گے۔